سکھر،05ستمبر(اے پی پی ):پاکستان سنی تحریک کے زیرانتظام شہداءافواج پاکستان ،رینجرز و پولیس کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہداءسمیت ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔
تقریب میں پاکستان سنی تحریک کے صوبائی صدر سندھ علامہ نوار احمد قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج سمیت دیگر سیکورٹی فورسز کے شہداءاور انکے اہل خانہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، پاکستان کی افواج و دیگر سیکورٹی فورسز نے گذ شتہ پندرہ سالوں سے جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ کو فتح کرلیا ہے۔
سندھ سمیت ملک بھر میں امن و سلامتی شہدا ءپاک افواج و دیگر سیکورٹی فورسز کی مرہون منت ہے،ملک کے بائیس کروڑ عوام اپنے شہید فوجی جوانوں کے ساتھ اور فوج کا حوصلہ بلند رکھنے کےلئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ملک کی موجودہ صورت حال میں عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی طرح کی سیاسی مذہبی انتہاءپسندی کا حصہ نہ بنیں۔











