پشاور،24ستمبر(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نےجمعرات کو یہاں قبائلی ضلع مہمند کا دورہ کیا اور ضلع میں اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ وزیر اعلی نے اس مد میں پہلے مین غلنئ روڈ سے سار لارا تک 64 کلومیٹر طویل سڑک کی توسیع وبہتری کے منصوبے کاباضابطہ افتتاح کیا جسکا تخمینہ لاگت 1182.265 ملین روپے ہے ۔اس سے ضلع کی ایک تہائی آبادی مستفید ہو گی۔
اسطرح 40 کلومیٹر طویل مامد گٹ غیبہ چوک سے گرسال پاس افغانستان بارڈر روڈ کی توسیع و بحالی کا بھی افتتاح کیا جسکا تخمینہ لاگت 684.718ملین روپے ہے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی تعمیر وترقی موجودہ حکومت کا اولین ہدف ہے اور ان کی محرومیوں کا ازالہ حتمی مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں، قبائلی اضلاع کے بارڈر پوائنٹس پر بھی مارکیٹس بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پہلے دو سال ضم اضلاع کی ترقیاتی منصوبہ بندی میں لگے،اب عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں اور رواں سال کے ترقیاتی پروگرام میں ضلع مہمند کے لیے اربوں روپے کے منصوبے شامل ہیں۔
بعدازاں وزیر اعلی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مامد گٹ کا افتتاح بھی کیا اور متعلقہ حکام کو منصوبوں کی معیاری اور جلد تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔











