پنجاب حکومت کے دو برس عوامی خدمت سے عبارت ہیں :وزیراعلیٰ عثمان بزدار

88

لاہور،3 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے کہا ہے کہ ہمارے 2برس عوامی خدمت سے عبارت ہیں۔ پنجاب کا ہرشعبہ ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ لوگوں کےلیے  آسانیاں پیدا کرنا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی ۔

جمعرات کو یہاں رکن قومی اسمبلی رخسانہ نوید  سے ملاقات کے دوران  گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب شفافیت، میرٹ اور گڈ گورننس میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے آگے ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں اشیاء ضروریہ کے نرخ پنجاب  میں سب سے کم ہیں۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں  20کلو آٹے کا تھیلا 860روپے میں دستیاب ہے جبکہ عوام کوریلیف مہیا کرنے کے اقدامات کو خود مانیٹرکرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ   مہنگائی کے مستقل سدباب کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی بنارہے ہیں۔ غریب آدمی اور کمزور طبقے کی فلاح وبہبود ہمارا نصب العین ہے۔  شہروں میں اربن فاریسٹ سٹیشن لگانے کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔انہوں  نے کہا کہ  دوبرس کے دوران دن رات عوام کی خدمت کی ہے، فیصلے کرتے ہوئے ہمیشہ عوامی مفاد کو  مدنظر رکھا ہے جبکہ  میری ٹیم  عوام کی عدالت میں سرخرو ہے اور  ہمارا دامن صاف ہے۔

اس موقع پر  رخسانہ نوید نے پنجاب حکومت کے کامیابی سے عوامی خدمت کے  2  برس مکمل ہونے پر وزیراعلی عثمان بزدار کو مبارکباد دی ، انہوں  نے کہا کہ آپ نے پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے انتہائی دل جمعی اور بےپناہ محنت سے کام کیا ہے۔ پنجاب سے ون مین شو کے منفی کلچر کے خاتمے کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے،آپ نےتمام فیصلے اجتماعی طور پر  عوام کے مفاد میں کئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کی پرواہ کئے بغیر آپ نے عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھایا۔