پشاور، 29ستمبر(اے پی پی): چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس جاویداقبال کے وژن”بدعنوانی سے پاک پاکستان” کی روشنی میں ڈائریکٹرجنرل قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا بریگیڈیئر(ر)فاروق ناصراعوان نے بدعنوانی کیخلاف جنگ میں بڑے پیمانے پرکمیونٹی کے کردار اور معاشرے کو بدعنوانی کیخلاف حساس بنانے کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کردیا۔
اس ضمن میں قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا میں”بدعنوانی کے خاتمے میں بزنس کمیونٹی کا کردار”کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں آل پاکستان ٹریڈرز کمیونٹی کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا بریگیڈیئر(ر)فاروق ناصراعوان نے پاکستان کی معاشی ترقی وخوشحالی میں کاروباری برادری کے کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری پبلک اورنجی سیکٹرمیں بدعنوانی کیخلاف کلیدی کردار ادا کریں اور بدعنوانی کی جڑیں کاٹنے کیلئے نیب کیساتھ تعاون کریں جس کے مثبت اثرات سے قومی خزانہ، عام آدمی اور کاروباری برادری بھی مستفید ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو میں بدعنوانی کیخلاف روک تھام اور تدارک میں کاروباری برادری کے آراء اور مشوروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائیگا۔
اخر میں ڈائریکٹر شعبہ آگاہی وتدارک (Awareness & Prevention Wing)قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا نے کاروباری سرگرمیوں میں بدعنوانی کیخلاف مختلف پہلوؤں پرمفصل بریفنگ بھی دی۔











