گلگت  بلتستان میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے: نگران وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان

99

گلگت، 29 ستمبر(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان ڈی آئی جی (ر) میر افضل نے کہا ہے کہ گلگت  بلتستان میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ تعلیم کے شعبے میں حکومت کیساتھ مل کر کام کرنے والے نجی فلاحی اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور تعاون کیا جائے گا۔ تعمیر و ترقی کیلئے تعلیم کے معیار پر توجہ دینا لازمی ہے۔ معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کیلئے ہمیں اپنے رویوں کو بھی تبدیل کرنا ہوگا۔ سکولوں میں صرف تعلیم پر توجہ دی جاتی ہے۔ ایک اچھے اور کامیاب انسان کیلئے اچھی تربیت لازمی ہے لہٰذا سکولوں میں بھی تعلیم کیساتھ تربیت پر بھی توجہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار نگران وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان ڈی آئی جی (ر) میر افضل نے حکومت گلگت  بلتستان اور نجی ادارے (معاون فاؤنڈیشن) کے مابین معیار تعلیم کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت دستخط کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان ڈی آئی جی (ر) میر افضل نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ نجی فلاحی اداروں کو گلگت  بلتستان کے دور دراز علاقوں میں توجہ دینی چاہئے جس کیلئے حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔