یوم   دفاع    پر  پاکستان قونصلیٹ جدہ میں   تقریب ، قونصلر جنرل خالد مجید نے   شہداء  وطن  کو  خراج تحسین پیش کیا

601

جدہ ، 06 ستمبر(اے پی پی ):پاکستان  قونصلیٹ جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے پاکستان کے 55 ویں یوم دفاع کے موقع پر  پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں   1965ء کی جنگ میں افواج پاکستان کی  بہادری اور کامیابیوں کا  ذکر کیا گیا  ۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف طبقات  نے  نمائندگی کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی آؤ آئی سی میں پاکستانی سفیر رضوان شیخ اور قونصلر جنرل جدہ خالد مجید تھے، تقریب میں   یوم   دفاع  کے  حوالے   سے   صدر اور وزیر اعظم  پاکستان  کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  قونصلر جنرل جدہ خالد مجید اور او آئی سی میں پاکستانی مندوب رضوان شیخ  نے  مادر وطن کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دینے والے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کے1965ء جنگ کے دوران جوانوں کا جذبہ اور اُن کی حب الوطنی بے مثال تھی۔

تقریب سے پاکستان تحریک انصاف جدہ سٹی کے صدر قیصر جاوید،پاکستان ویلفئیر ایسوسی ایشن کے چئیرمین بشیر خان سواتی اور جموں کشمیر  کمیٹی  کے چئیرمین سردار اشفاق،یاسمین اعجاز، ٹائیگر ریلیف فورس کے صدر انجم اقبال وڑائچ اور دیگر نے بھی وطن عزیز پر اپنی جانیں نچھاور والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ  ہماری پاک فوج کسی بھی خطرے اور چیلنج کا جرات  مندی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم بند کرے اور  مسلمانوں کی نسل کُشی پر عالمی برادری فوری اقدامات کرے۔انہوں نے مزید    کہا کہ  مقبوضہ کشمیر خطے میں پائیدا ر امن کے قیام اور تقسیم کا ایک نا مکمل ایجنڈا ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔

تقریب   میں   پاکستان کی مسلح افواج کی شراکت سے متعلق ایک دستاویزی فلم  بھی دکھائی گئی  ،   پریس کونسلر حمزہ گیلانی کے   لکھے  ہوئے  گیت  سے  بھی  شرکاء خوب  محظوظ   ہوئے جبکہ  پاکستانی گلوکاروں  نعیم سندھی اور سید بسام نے ملی نغمے پیش کئے ،تقریب میں پاکستانی  اسکولوں کے طلباء  نے  اس دن کی اہمیت کے پیش نظر تقریریں بھی  پیش کیں۔