بورے والا؛ امن و امان کے قیام اور 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکورٹی کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ اجلاس

297

بورے والا،21 اکتوبر (اے پی پی): ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان کی زیر صدارت تھانہ سٹی بورے والا میں امن کمیٹی کے ارکان،تاجروں،سول سوسائٹی اور دیگر نمائندہ شہری تنظیموں کا اجلاس منعقد ہوا،  جس میں ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان نے امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ ساتھ عوامی ذمہ داریوں پر گفتگو کی اور 12 ربیع الاول کے موقع پر مرکزی جلوس کے راستوں میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

 ڈی ایس پی شمس الدین خان اورتمام تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی اس اجلاس میں شریک تھے۔

ڈی پی او وہاڑی نے کہا کہ پولیس ہمہ وقت عوام کی جان و ومال کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی ہے اور اپنی خوشیاں عوام کی جان و ومال کے تحفظ پر قربان کردیتی ہے، اپنے کم وسائل کے باوجود پولیس کے جوان 24 گھنٹے عوام کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں اگر عوام بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کر لیں تو نہ صرف جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ امن و امان کا قیام بھی یقینی بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کی جانب سے شہر میں سیف سٹی کے حوالہ سے کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ قابل ستائش ہے، اس منصوبے میں تعطل کی وجہ کچھ غلط فہمیاں ہیں جنہیں بہت جلد دور کر کے اس منصوبے کو ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملکر  مکمل کر لیا جائے گا جس سے جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔