صوبائی وزیر بلدیات اکبر ایوب خان کی تمام ٹی ایم ایز کو دسمبر تک تمام فنڈز استعمال کرنے کی ہدایت

428

 

پشاور، 20اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے صوبے کے تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی ہے کہ دسمبر تک تمام فنڈز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے جبکہ جاری سکیمیں بروقت مکمل کیے جائیں اور چھوٹی سکیموں کے لیے دورانیہ تکمیل تین ماہ سے زیادہ نہ ہو۔

صوبائی وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان کی زیر صدارت ضلع مانسہرہ کے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، ترقیاتی اسکیموں اور صفائی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے پاپولیشن سید احمد حسین شاہ، ممبر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، سیکٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات، ڈی جی لوکل گورنمنٹ عابداللہ کاکاخیل اور ضلع مانسہرہ کے تمام تحصیل میونسپل آفیسرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کو فوراً واپس اپنے دفاتر بلائیں اور اپنے حدود کی صفائی کا خاص خیال رکھے، جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی جبکہ صفائی کے عملے کی میرٹ پر بھرتی کا کام بھی جلد از جلد مکمل کریں۔

اکبر ایوب خان نے ہدایت کی کہ برفباری والے علاقوں کیلئے خصوصی فنڈ رکھا جائے تاکہ برف کی صفائی کا انتظام موجود رہے۔ اس طرح تمام غیر قانونی عمارتوں کی ریگولائزیشن کے لئے فوراً نوٹس جاری کیے جائے۔ انہوں نے ہوٹلنگ کی صفائی کے حوالے سے ہدایت کی کہ تمام ہوٹلز اپنی صفائی کے لیے ڈمپر خریدیں اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ہوٹلز کے گند بروقت اٹھانے کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ مانسہرہ شہر اور بالاکوٹ کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیر بلدیات نے تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ اپنے ریونیو جنریشن پر خصوصی توجہ دیں اور اس کو بڑھا کر اپنے فنڈ کی کمی کو پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں خواتین اور بچوں کا پارک جلد از جلد تعمیر کیا جائے۔