ژوب،13اکتوبر (اے پی پی ):گورنر بلوچستان امان اللہ خان یسین زئی ایک روزہ دورے پر ژوب پہنچے گئے جہاں انہوں نے آئی ٹی یونیورسٹی ژوب کمپیس کا سنگ بنیاد رکھا۔ منعقدہ سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ آئی ٹی یونیورسٹی ژوب کے قیام سےملک و صوبے میں ضروری افرادی قوت مہیا کرنے میں مدد ملے گی، یونیورسٹی کے قیام سے ژوب اور متصل علاقوں کے طلباء اور طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں سہولت فراہم ہوگی۔
گورنر بلوچستان نے مزید کہا کہ یونیورسٹی بیوٹمز ژوب کے فارغ التحصیل طلبا و طالبات ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کرادر ادا کرینگے ، سی پیک مغربی روٹ بننے سے یونیورسٹی کی ضرورت و اہمیت مزید بڑھ گئی ہے ، افغانستان میں امن مذاکرات کی کامیابی کے بعد آمدورفت کے لئے سرحد قمرالدین کاریز گیٹ وے کھولا جائیگا،بیوٹمز کی ٹیم کا مقصد نوجوانوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نوجوان نسل ترقی کی طرف گامزن ہے،بیوٹمز کی تعمیر کے بعد ژوب میں تعلیمی انقلاب آئے گا۔
دورے کے موقع پر انھوں نے ایگل فورس میں موٹر سائیکلوں کی چابیاں بھی تقسیم کی۔ اس موقع پر انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں امن امان برقرار رکھنے میں پولیس کا کلیدی کردار ہے اور پولیس نے بہت قربانیاں دیں ہیں ،ژوب میں ایگل فورس علاقے میں امن امان برقرار رکھنے میں مزید بہتر کردار ادا کرے گی۔











