گلگت، 27 اکتوبر(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ڈی آئی جی (ر) میر افضل نے انفارمیشن گروپ کے آفیسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جارہاہے۔ بھارت نے نہتے مظلوم کشمیریوں پر ظلم کی انتہاء کی ہے۔ تقریباً گزشتہ ڈیڑھ سالوں سے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا ہے۔ بھارت اپنے مزموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ دنیا بھر کے سامنے بھارت کا مکرو چہرہ عیاں ہوا ہے۔ پاکستانی عوام اپنے کشمیریوں بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ڈی آئی جی (ر) میر افضل نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام محب وطن ہیں۔ اپنی مدد آپ کے تحت ڈوگروں سے آزادی حاصل کی اور پاکستان سے الحاق کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سیاحت، توانائی اور معدنیات کے وسیع موقع موجود ہیں۔ پاور سیکٹر میں دیامر بھاشا ڈیم سمیت بڑے منصوبوں پر کام شروع ہورہاہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے دیامر بھاشا ڈیم کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے اور اس منصوبے پر عملی طور پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ گلگت بلتستا ن میں موجود توانائی کے مواقعوں، سیاحت اور معدنیات سے استعفادہ حاصل کرنے کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کررہی ہے۔ گلگت بلتستان میں ریجنل گرڈ کا قیام عمل میں لایا جارہاہے۔ ریجنل گر ڈ کے قیام کے بعد گلگت بلتستان کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے میں مدد ملے گی۔ سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے حکومت گلگت بلتستان ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ سیاحوں کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹورزم پولیس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سی پیک سے گلگت بلتستان کو فائدہ ہوگا۔ سی پیک کی وجہ سے تعمیر و ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔ گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے پیش رفت ہوئی ہے۔











