تھرپارکر؛ بزرگوں کے حقوق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی پروگرام اور ریلی کا انعقاد

327

تھرپارکر، 20اکتوبر (اے پی پی):بزرگوں کے حقوق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عالمی دن کے موقع پر تھرپارکر میں محکمہ سماجہ بہبود تھرپارکر کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹر ناتھو خان راہموں کی قیادت میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو لائبریری میں آگاہی پروگرام کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر ناتھو خان راہموں نے کہا کہ بزرگ ہمارے اثاثہ ہیں اور اپنے آنے والی نسلوں کو بزرگوں کے حقوق اور ان کی اہمیت و افادیت کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے 20اکتوبر کو ہر سال بزرگوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور کہا کہ بزرگ ہمارے رہنما ہیں اور ہم ان کی رہنمائی سے ہر مسئلے سے نجات پا سکتے ہیں۔ ناتھو خان راہموں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے بزرگوں کے بنیادی حقوق اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سندھ سینئیر شہری ایکٹ 2014 اسمبلی سے پاس کروایا ہے تاکہ سینئیر شہریوں کو بنیادی حقوق کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات بھی آسانی سے فراہم ہو سکیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو راجیش کمار نے کہا کہ حکومت سندھ نے بزرگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف پروگرامز بنائے ہیں ٓج کے دن ہمیں یہ عزم کرنا ہوگا کہ اپنے بزرگوں کے حقوق اور سہولیات کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھنا ہوگا اور انہیں ان کا مطلوبہ وقت بھی دینا ہوگا۔
آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سماجی بہبود ملجی مل راٹھوڑ نے کہا کہ سندھ سینئیر شہری ایکٹ 2014کے تحت حکومت سندھ کی جانب سے ہر ضلع میں اولڈ ایج سینٹر و ڈے کئیر سینٹر کا قیام، اداروں میں بزرگوں کے لئے الگ کاؤنٹر کی سہولیات مہیا کرنے، سفری سہولیات میں کرایوں میں رعایت کرنے، بزرگوں کے لئے کارڈ جاری کرنے اور دیگر پروگرام شامل ہیں۔ جس کا مقصد بزرگوں کی عزت و احترام کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے کئے گئے کام کے حوالے سے حوصلہ افزائی کرنی ہے۔ کیونکہ ترقی یافتہ ممالک میں سینئیر شہریوں کو بڑی عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔