اسلام آباد،20اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے،وزیراعظم عمران خان کا وژن پاکستانی برانڈ کو فروغ دینا ہے،مینوفیکچرنگ کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں۔
ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کے قائمقام سفیر شیندو یوسوکے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر سینیٹ میں قاید ایوان نے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ دو طرفہ تعاون کو مختلف شعبوں میں مزید وسعت دی جائے۔ عوامی سطح پر روابط کو مزید استحکام دینے کی ضرورت ہے ۔ سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے ۔وزیراعظم عمران خان کا ویژن پاکستانی برانڈ کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔مینوفیکچرنگ کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی شعبے میں پاکستان اور جاپان تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔بین الااقوامی فورمز پر پاکستان اور جاپان کے مابین تعاون مثالی رہا ہے۔
جاپان کے قائمقام سفیر نےسینیٹ میں قائد ایوان کو دوطرفہ تعاون کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم پاکستان جاپان فرینڈ شپ گروپ کے کنوینر بھی ہیں۔ جاپان کے قائمقام سفیر نے پاکستانی افرادی قوت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کے لئے جاپان میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ افرادی قوت کی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ دو ایم او یو زپر دستخط کر چکے ہیں۔











