خیرپور:بزرگوں کا عالمی دن منانے کے سلسلے میں سوک سینٹر سے پریس کلب خیرپور تک واک کا اہتمام

89

خیرپور۔ 28 اکتوبر(اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ خیرپور ،محکمہ سوشل ویلفیئر اور ضلع کی دیگر تنظیموں کے مشترکہ تعاون سے بزرگوں کا عالمی دن منانے کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ظفر عباس عباسی کی قیادت میں سوک سینٹر سے پریس کلب خیرپور تک ایک واک کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر اے ڈی سی ٹو نے کہا کہ آج اس واک کا مقصد بزرگوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا اور انکے جائز حقوق کے بارے میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنا ہے اس ضمن میں حکومت سندھ کی جانب سے سٹیزن ایکٹ 2014 بھی تیار کیا گیا ہے جس کے تحت بزرگوں کو علاج معالجے، ٹرانسپورٹ، بینکس اور اسپتالوں میں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام بھی بزرگوں کی تعظیم و احترام کا درس دیتا ہے۔اس ضمن میں نبی کریم ﷺ کی حدیث ہے کہ جس نے میری امت کے بزرگوں کی عزت کی اس نے میری عزت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ضلع میں موجود تمام سماجی تنظیمیں بزرگ شہریوں کے حق کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر محمد حسین ابڑو نے کہا کہ ہم اپنے بزرگوں کی کی گئی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے ہمیں چاہیے کہ بزرگوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور دفاترمیں بھی انکی رہنمائی کے لئے الگ سے ڈیسک قائم کئے جائیں۔

واک میں موجود شرکاءہاتھوں میں پلے کارڈ لئے” ہمارے بزرگ ہمارے رہبر “اور “بزرگوں کا احترام کریں جیسے نعرے بلند کررہے تھے۔قبل ازیں اےڈی سی ٹو نے ہینڈز، سرسو، الخدمت فاونڈیشن، شفاءفاؤنڈیشن اور دیگر تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا دورہ کیا اور اسٹالز میں موجود ماسک، سینیٹائزز اور صابن عوام میں تقسیم کئے۔