سکھر،29اکتوبر(اے پی پی ): ملک بھر کی طرح سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں تقاریب، پروگرامز اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، ہرسال کی طرح اس سال بھی دریائے سندھ میں کشتی ریلی نکالی گئی جس میں سیکڑوں کی تعداد میں عاشقان رسولﷺ نے شرکت کی۔ ریلی کے باعث دریائے سندھ کی فضا اور لہریں درود وسلام اورمرحبا یا رسول اللہ کی صداؤں سے گونج اٹھی۔
ریلی لب مہران سے شروع ہوئی اوردریائے سندھ کے عین وسط میں واقع صوفی بزرگ اور اولیاءحضرت خواجہ خضر کے مزار سے ہوتی ہوئی واپس لب مہران پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاءنے صوفی بزرگ حضرت خواجہ خضر کی درگاہ پر حاضری دی اور ملک کی سلامتی،خوشحالی ترقی اور استحکام کے لیے دعائیں کیں۔
اس موقع پر رہنما صاحبزادہ حامد محمود شاہ فیضی،مشرف محمود قادری ودیگر علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کی آمد کا جشن منانا بھی ایک سعادت ہے اور ہم کسی بھی طور یہ سعادت منانے سے نہیں رک سکتے، ریلی کے اختتام پر بھی ملک کی سا لمیت استحکام ،خوشحالی اور ترقی کے لیے دعاکی گئی۔











