پشاور، 28اکتوبر(اے پی پی):چیف ٹریفک پولیس آفیسر عباس مجید خان مروت نے آج اندرون شہر کا دورہ کیا اس موقع پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز ٹریفک افتحار علی ،ڈی ایس پی سٹی ٹریفک زیورشاہ اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے چیف ٹریفک آفیسر نے قصہ خوانی اور ملحقہ بازاروں میں عید میلاد النبی کے حوالے سے ٹریفک انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے مختلف تاجر رہنماﺅں سے بھی ملاقات کی اور ٹریفک مسائل سے آگاہی حاصل کی۔
چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے پشاور قصہ خوانی بازار اور دیگر ملحقہ بازاروں کا دورہ کے موقع پر تاجر رہنماﺅں نے عباس مجید خان مروت کی قصہ خوانی بازار آمد اور ٹریفک مسائل سے آگاہی کو خوش آئند قرار دیا۔
چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ عید میلاد النبی کے دوران خصوصی پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ اندرون شہر ٹریفک مسائل اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے تاجروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے جاری وارننگ کے بعد قانونی کاروائی کی جائیگی جبکہ شہر کے مختلف سڑکوں پر کالے شیشوں کے خلاف مہم بھی جاری ہے۔











