صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار کی ملاقات، پاک افغان برادرانہ تعلقات کے حوالے سے بات چیت کی گئی

313

اسلام آباد، 20اکتوبر (اے پی پی ): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے منگل کو یہاں ملاقات کی ، ملاقات میں افغانستان میں امن عمل اور پاک افغان برادرانہ تعلقات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان ایک جیسی تاریخ ، ثقافت اور مذہب کے حامل ہیں، دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی مفاد کیلئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں افغان قوم کے ساتھ کھڑا رہے گا اور افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، افغانستان میں قیامِ امن سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہو گ۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ایک جامع اور وسیع البنیاد افغان امن عمل کیلئے اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدے سے افغانستان میں امن و استحکام آئے گا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ افغان امن عمل میں خلل ڈالنے والے عناصر سے متنبہ رہنا ہوگا ، افغان قیادت کو امن عمل کو پٹڑی سے اترنے سے بچانا اور اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ صدر مملکت نے افغان مہاجرین کو دی جانے والی امداد ، کووڈ 19 کے دوران راہداری اور دوطرفہ تجارت کے لئے سرحد کھولنے اور افغان شہریوں کے لئے نظر ثانی شدہ ویزا پالیسی کا ذکر کیا۔
حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے عمل کے فروغ کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔