لاہور 5 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر صحت نے اجلاس کے دوران مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر اور مزنگ میں نیا بننے والا نرسنگ ہوسٹل اور نرسنگ کالج کی پیش رفت کا جائزہ لیا جس پر وائس چانسلر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ان کو مدر اور چائلڈ ہسپتال پر جاری پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور گنگا رام ہسپتال کی سولرائزیشن کیلئے پریزنٹیشن پیش کی۔ وزیر صحت کا کہنا تھا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا، اسٹیٹ آف دی آرٹ نرسنگ کالج بنایا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا پوسٹ گریجوایٹ انسٹی ٹیوٹ آف مڈ وائفری میں بی ایس سی کروائی جائے گی اور طالبات کیلئے 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال بھی بنایا جائے گا، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور گنگا رام ہسپتال کی سولرئزیشن کیلئے پرپوزل بنائی جائے۔ وزیر صحت کا کہنا تھا مدر اینڈ چائلڈ کی تعمیر دن رات جاری ہے اور مدر اینڈ چلڈرن ہسپتال کے ذریعے کئی ماؤں اور بچوں کی صحت کو یقینی بنایا جائے گا۔











