معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، وزیر قانون سلطان محمد کی زینب کے گھر آمد

410

پشاور، 9 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، وزیر قانون سلطان محمد اور معاون معدنیات عارف احمدزئی مقتولہ زینب کے گھر پہنچ گئے اور زینب کے والد اور خاندان کے دیگر افراد سے غمرازی اور دعا کی۔

 کامران بنگش نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زینب قوم کی بیٹی ہے، وزیراعلی پل پل کی خبر لے رہے ہیں اور خود اس معاملے کو مانیٹر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجرمان کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے اور اس مقصد کیلئے پولیس نے تفتیشی کارروائی تیز کر دی ہے۔ پولیس کی تمام ٹیکنیکل ٹیم چارسدہ پولیس کے ساتھ کارروائی میں مصروف ہے جس پر زینب کے والدین نے صوبائی حکومت اور پولیس کاروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے مگر واقعہ کے حوالے سے میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون سلطان محمد نے کہا کہ مجرمان بہت جلد قانون کے کٹہرے میں ہوں گے، عوام جعلی خبروں سے دور رہیں اور قانون کا ساتھ دیں۔ جلد ہی مجرمان کو قرار واقعی سزا دینے کے لیے قانونی سقم دور کر دیں گے۔