پولیو کے خاتمے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کواپنا کردار ادا کرنا ہوگا:ڈی سی محمد نواز سوہو

137

تھرپارکر،09 اکتوبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد نواز سوہو نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لئے  معاشرے کے ہر ایک فرد کواپنا کردار ادا کرنا ہوگا  کیونکہ پولیو ہماری آنے والی نسلوں کا بد ترین دشمن ہے جو کہ بچوں کو ہمیشہ کے لئے معذور بنا دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال مٹھی میں پولیو کے خاتمے کے لئے منعقد اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ صحت کے افسران پر زور دیا کہ وہ مائیکروپلان پھر سے ترتیب دیں اور پولیو مہم کے دوران مانیٹرنگ کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔

 اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گوردن داس نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 26سے 31اکتوبر تک جاری رہنے والی مہم کے لئے 868موبائل، 73 فکس اور 96ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

 مہم کے دوران 2لاکھ 76ہزار701بچوں جن کی عمر 5سال سے کم ہو ان کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کی مؤثر نگرانی کے لئے یوسی این اوز کو پابند کیا گیا ہے۔