اسلام آباد,28اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے موثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستان ایک پرُ امن ملک ہے اور امن اور ترقی کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے روس کے سفیر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دو طرفہ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہاکہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے کثیر الجہتی مراسم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان اسٹرٹیجک پارٹنرشپ سے علاقائی امن اور ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال مستحکم رابطہ کاری کی متقاضی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، سفارتی و اقتصادی تعاون میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان اور روس کے تعلقات خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی مفید ثابت ہو رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ تجارت اور عوامی سطح پر روابط کے علاوہ دوسرے شعبوں میں تعاون کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے دونوں ملک سنجیدگی کے ساتھ رابطوں میں ہیں، باہمی تعاون کے ذریعے تجارتی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے موثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستان ایک پرُ امن ملک ہے اور امن اور ترقی کی اہمیت کو سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رابطہ کاری کے ذریعے دوطرفہ تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے روسی سفیر نے کہا کہ پاکستان روس کیلئے انتہائی اہم ملک ہے اورہم پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو سماجی اور اقتصادی سطح پر مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔











