سکھر : موٹر وے پولیس کی طرف سے روڈ حادثات سے بچاؤ اور ٹریفک قوانین پر عمل کے لئے لیکچرز اورآگاہی پروگرامز کا اغاز

269

سکھر،20 نومبر( اے پی پی ): سکھر میں موٹر وے پولیس کی طرف سے روڈ حادثات سے بچاؤ اور ٹریفک قوانین پر عمل کے لئے مختلف لیکچرز اورآگاہی پروگرامز کا اغاز کیا گیا ہے۔ آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن ڈاکٹر آفتاب احمد پٹھان اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ غلام سرور بھیو کی خصوصی ہدایت پرموٹر وے پولیس سکھر کے موبائل ایجوکیشن کے افسران ڈی ایس پی ہیڈکواٹر موٹر وے سکھر خالد محمود نواز کی زیر نگرانی سکھر سیکٹرکے گورنمنٹ اور نجی تعلیمی اداروں میں روڈ حادثات سے بچاؤاور ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کے لئے مختلف لیکچرز اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں، اس سلسلے میں نجی اسکول میں منعقدہ لیکچر کے دوران موبائل ایجوکیشن کے افسران انسپکٹر صلاح الدین، انسپکٹر محمد پرویز اور سب انسپکٹر سرفراز خان نے روڈ حادثات سے بچاؤاور ٹریفک قوانین کے بارے میں بچوں کو اہم معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر موٹر وے پولیس کے افسران نے طلبہ و طالبات کو حکومت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے جاری کردہ احتیاطی تدابیر جس میں ماسک پہننا، سنیٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے سے متعلق بھی لیکچرز دیا جس کو بچوں نے انتہائی دلچسپی سے سنا، بچوں کو بتایا گیا کہ دنیا میں دہشت گردی سے اتنی اموات نہیں ہوتیں جتنی روڈ حادثات میں ہوتی ہیں،جس کی ایک اہم وجہ غفلت سے ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنا ہے، پاکستان میں روڈ حادثات پر قابو پانے کے لئے موٹر وے پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے تاکہ روڈ حادثات سے قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے۔ لیکچر کے اختتام پر روڈ سیفٹی سے متعلق بچوں سے مختلف سوالات بھی کیے گئے، درست جواب دینے والے بچوں میں حوصلہ افزائی کے لئے موٹر وے پولیس کی جانب سے انعامات دیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر تمام بچوں اور دیگر شرکاءکا کہنا تھا کہ اس لیکچر کے ذریعے دی گئی معلومات پر سختی سے عمل کرکے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو روڈ حادثات سے بچائیں گے۔