وزیر اعظم عمران خان  کا   دورہ  افغانستان ؛ صدارتی محل کابل  آمد، صدر اشرف غنی  نے  استقبال  کیا

237

 

کابل ،19نومبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کابل کے صدارتی محل پہنچ گئے جہاں افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ صدارتی محل پہنچنے پر وزیراعظم کو افغان مسلح افواج کے دستے نےگارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پردونوں ملکوں کےقومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد وزیر اعظم نے افغان صدر کے ہمراہ گارڈ آف آنر کامعائنہ کیا۔ افغا ن صدر اشرف  غنی اور  وزیر اعظم  عمران خان نے اپنے وفود کا تعارف کرایا۔ صدارتی محل میں وزیراعظم کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔

قبل ازیں کابل پہنچنے پر    افغان وزیرخارجہ محمد حنیف اتمر اور افغان صدر کے خصوصی نمائندہ برائے پاکستان محمد عمر دائودزئی اور سینئر حکام نے وزیر اعظم عمرا ن خان اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، افغانستان کے لئے خصوصی نمائندہ محمد صادق اور سینئر حکام بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔