چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف اکتوبر میں کی جانیوالی کارروائیوں کی رپورٹ پیش

109

لاہور،11نومبر(اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت  بدھ کو یہاں اجلاس منعقد ہوا ، وزیر اعظم  اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف اکتوبر میں کی جانیوالی کارروائیوں کی رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب کو پیش کی گئی۔

پیش کردہ   رپورٹ کے مطابق مختلف شہروں میں 49 ہول سیلرز ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائے گئے۔ ذخیرہ اندوزوں کو چھ لاکھ کے جرمانے عائد کئے گئے اور 5 مقدمات بھی درج کیے گئے جبکہ 10گودام سیل کیے گئے۔ ذخیرہ کی گئی 18ہزار بوری چینی، 302بوری چاول،1160 بوری گندم برآمد کی گئی۔ ذخیرہ کئے گئے2627 آٹے کے تھیلے اور 35ہزار کلو گرام گھی قبضے میں لیا گیا۔

انتطامیہ نے بہاولنگر، راجن پور، فیصل آباد، چنیوٹ، منڈی بہاؤالدین میں کارروائیاں کیں ہیں۔ سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، وہاڑی، اٹک،ساہیوال سرگودھا اور بھکر میں چھاپے مارے گئے ہیں۔

چیف سیکرٹری  پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انھوں نے ہدایت دی کہ ذخیرہ اندوزوں، گرانفروشوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔  اشیاء کی قیمتوں کیساتھ معیار اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔

اجلاس میں ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔