مظفرگڑھ، 5 دسمبر(اے پی پی ):پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن،ڈیری سیفٹی ٹیموں کی شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی،2 ہزار920 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا۔کارروائیوں کے دوران 40 دودھ بردار گاڑیوں میں موجود8 ہزاور 290لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی۔
اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوانہ نے کہا کہ دوران چیکنگ 34 گاڑیوں کے سیمپل پاس جبکہ 6 کے فیل ہوئے۔ ملاوٹ پائے جانے پر 6گاڑیوں میں موجود ہزاروں لٹر مضرصحت دودھ تلف کردیاگیا۔ لیکٹوسکین ٹیسٹ کے دوران دودھ میں پانی اور خشک پاؤڈر کی ملاوٹ پائی گئی،ملاوٹ سے پاک خالص دودھ کی فراہمی کے لیے افسران کو ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ مضرصحت دودھ کااستعمال بچوں کی نشوونما میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ دودھ جیسی بنیادی غذاء میں ملاوٹ کرنیوالے انسانی صحت کے دشمن ہیں جبکہ صحت بخش دودھ کی فراہمی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائی جاہی ہیں۔











