ملتان، 10 دسمبر )اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان کے باسیوں کو نکاسی آب کے دیرینہ مسائل سے چھٹکارہ دلانے کے لئے ماسٹر پلان کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ واسا اور نیسپاک انجینئرز اپنی اپنی حدود میں سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے میں شفافیت اور اعلی میعار کو یقینی بنائیں خصوصاً پائپ کی تیاری کے مراحل پر کڑی نظر رکھیں اور پائپوں کے معیار اور مقدار میں کمی پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ملتان پبلک سکول روڈ پر واقع پائپ فیکٹری کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا ،ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورہ کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے پائپ کی تیاری کے تمام مراحل کا معائنہ کیا انہوں نے مختلف سائز کے پائپوں کے لئے تیار کیے جانے والے سٹیل کا موقع پر وزن بھی چیک کیا اور پائپوں کا لوڈ ٹیسٹ کرنے کے لئے 3ایچ بیرنگ ٹیسٹ کے لئے نصب پوائنٹ کابھی جائزہ لیا ۔
انہوں نے اس دوران واسا اور نیسپاک کے انجینئر ز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پائپوں کی مضبوطی کا تمام تر دارومدار میٹریل کے ساتھ ساتھ مقررہ مدت تک کیورنگ پر ہے ہر پائپ کی کم ازکم 18دن تک کیورنگ کاعمل بھی ہر صورت مکمل کروائے جائے۔











