وزیراعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت یونیورسل ہیلتھ کوریج پر اعلی سطح اجلاس

98

لاہور،8دسمبر(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار  نے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے بڑے پروگرام کی منظوری دے دی ، پنجاب کے تمام اضلاع میں اگلے سال کے آخر تک یونیورسل  ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت یونیورسل ہیلتھ کوریج پر اعلی سطح کا اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا،اجلاس  میں  صوبے  کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

وزیر  اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 2 اضلاع میں مکمل ہیلتھ کوریج فراہم کی جائے گی۔وزیراعظم عمران خان  کے ویژن کے مطابق انصاف صحت کارڈ ہر شہری تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ علاج معالجے کی سہولت ہر شہری کا بنیادی حق اور حکومت کا فرض ہے۔پنجاب کے ہر شہری کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے سالانہ ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ انصاف صحت کارڈ کے ذریعے عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ  نے اجلاس میں شرکت کی۔