پشاور، 2دسمبر(اے پی پی): چارسدہ پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم گروپ سے تعلق رکھنے والا خطرناک دہشت گرد تھانہ سروکلے کی حدود سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کو ضلع چارسدہ میں تحریک طالبان گروپ سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشت گرد کی خفیہ اطلاع ملی،حسب اطلاع ضلعی پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران نے مشترکہ کارروائی کے دوران تحریک طالبان گروپ سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشت گرد ذاکر عرف یاسر عرف مدثر کو تھانہ سروکلے کی حدود میں گرفتار کیا۔
اس موقع پر دہشت گرد کے قبضہ سے دوہینڈ گرنیڈ اور ایس ایم جی بھی برآمد کرلیا گیا۔دوران تفتیش دہشت گرد نے ضلع مہمند اور چارسدہ کے مختلف مقامات پر21 تخریبی کارروائیوں میں حصہ لینے کا اعتراف کیا ہے جبکہ گرفتار دہشت گرد کے خلاف سی ٹی ڈی مردان میں دہشت گردی کے 7سے زائد مقدمات بھی درج ہیں۔
دہشت گرد کی تخریبی کارروائیوں میں تنگی کچہری، غلنئی میں پولیٹکل دفاتر اور ایف سی قلعہ پر خودکش حملہ شامل ہیں۔ اسی طرح گرفتار دہشت گرد نے سروکلے کی حدود میں ایک فوجی اہلکار کو فائرنگ سے شہید کیا، لاٹھی چیک پوسٹ پر 9خاصہ داروں کو شہید کیا، اس کے علاوہ بھتہ و اغوائیگی میں خونریزی تصادم اور سیکیورٹی فورسزکے ساتھ فائرنگ کرنا جیسے خطرناک جرائم بھی کئے۔











