خیبر پختونخوا حکومت کاصوبے بھر کے  آئمہ کرام کو ماہانہ اعزازیہ دینے کا فیصلہ

61

پشاور، 5جنوری(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اپنی نوعیت کا ایک بڑا فیصلہ کرکے صوبے کی آئمہ مساجد کے لئے نئے سال کی بڑی خوشخبری سنادی، جسکے تحت صوبے بھر کے آئمہ کرام کو اعزازیہ دیا جائیگا۔

اس بات کا فیصلہ وزیر اعلی محمود خان کی زیر صدارت محکمہ اوقات کے اجلاس میں ہوا جس میں صوبے کے تقریبا 22 ہزار آئمہ مساجد کو 10 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیئے جانے کا اعلان ہوا۔  ان اعزازیوں پر ماہانہ تقریبا 22 کروڑ 72 لاکھ جبکہ سالانہ ڈھائی ارب سے زائد خرچ کئے جائیں گے۔

 اجلاس میں وزیر اعلی کی خصوصی ہدایات پر ضم اضلاع کے ائمہ مساجد کو بھی اعزازیہ دینے کا فیصلہ ہوا۔

وزیر اعلی نے اگلے مالی سال کے آغاز سے آئمہ کرام کو اعزازیوں کی فراہمی کے لئے تمام تر انتظامات ہر لحاظ سے مکمل کئے جانیکی ہدایت کی اور کہا کہ صوبے بھر کے مساجد اور مدارس کو شمسی توانائی کی فراہمی کے علاوہ ان کی دیگر ضروریات بھی ترجیحی بنیادوں پر پورے کی جائیں۔