ملتان، 17 جنوری(اے پی پی ):ترجمان وزیر اعلی پنجاب سبین گل خان نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں میں ہر بنیادی صحت مرکزپر ایمبولینس کی بروقت سہولت کو یقینی بنایا جائے ، تمام میڈیکل سٹاف اپنی ڈیوٹی اوقات میں حاضر رہیں۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے جلالپور میں ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ہیلتھ آفس کے دورے کے موقع پرکیا۔سبین گل خان نے بعض ہیلتھ سنٹر پر صفائی کے ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صفائی پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سٹاف ڈیوٹی کے دوران یونیفارم میں ہو ، غیر حاضری ، لاپرواہی اور عدم توجہ کی صورت میں جہاں چھوٹے ملازمین کے خلاف کارروائی ہوگی وہیں آفیسر انچارج کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایم پی اے سبین گل نے بنیادی ہیلتھ مراکز میں موجود مریضوں اور لواحقین سے مسائل دریافت کئے اور تمام مسائل فوری حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے بنیادی ہیلتھ سنٹر پر ڈیوٹی پر موجود میڈیکل سٹاف سے بھی ان کے مسائل بارے دریافت کیا اور میڈیکل سٹاف کو درپیش مسائل کے حل کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد پنجاب گورنمنٹ سے ان کے مسائل کے حل کی بات کریں گی ۔ اس موقع پر انہوں نے خالی اسامیوں کے بارے میں تفصیل بھی معلوم کی ۔











