اسلام آباد،5جنوری (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں کرپشن مافیا کی نیب زدہ حکومت ہے، سندھ کی سب سے بڑی بیماری زرداری ہے، سندھ کے لوگ صحت، تعلیم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، عوام کی عدم دلچسپی کے باعث پاپا،ڈیڈی، مولانا بچائو تحریک ختم ہو گئی۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو اور جنید لاکھانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بہت معصوم سے چہرے بنا کے پی پی کے رہنما خواتین کو آگے کر دیتے ہیں، ان کو چور، ڈاکو کہتا ہوں تو میں ثابت بھی کروں گا، پچھلے 13 سال میں پیپلز پارٹی نے سندھ کو لوٹا ہے، 2010 میں کرپشن 109 بلین تھی، سال بڑھتے گئے کرپشن بڑھتی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سندھ کے وزیر خزانہ بھی ہیں، انہوں نے جعلی اکائونٹس کے ذریعے پیسوں کا ہیر پھیر کیا ، 3 ٹریلین سے زائد سندھ حکومت نے ہضم کرنے چاہے، مراد علی شاہ کے سیکرٹری فنانس بلی کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھا دیا۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ زرداری کے کہنے پر گندم بیچ دی گئی، سندھ میں کوئی مر جائے تو ایمبولینسز کی حالت خراب ہے، وزیر صحت کون، زرداری کی بہن ہیں، کورونا وبا کے دوران لاڑکانہ میں دوائیاں تک چوری کی گئیں، سندھ میں عہدوں پر لگانے کیلئے بھی پیسے لئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 87 ہزار افراد کو کتوں نے کاٹا، ویکسین تک لوگوں کو نہیں ملی، علی بابا چالیس چور کی کابینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 55 فیصد بچے سندھ کے سکولوں سے باہر ہیں، سندھ کی سب سے بڑی بیماری زرداری ہے، سندھ کے 60 فیصد لوگ گندا پانی پیتے ہیں، گٹر کا پانی پیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے ذریعے کئی ارب روپے سندھ حکومت کو ملتے ہیں، سندھ کے وزیروں کے گھروں میں اتنا پیسہ ہے کہ پیسہ گننے کی مشینیں گھروں میں لگی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں سمیت سب کچھ تباہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 462 بلین کی کرپشن کرنے والا ڈاکٹر عاصم آزاد گھوم رہا ہے، انہیں جہاں موقع ملا کرپشن کی، واردات ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہزاروں خواتین زچگی کے دوران مر جاتی ہیں، صحت کارڈ کیلئے سندھ اپنے حصے کا پریمیئر دینے کو تیار نہیں ہے، وفاقی حکومت نے 2 لاکھ تھرپارکر کے لوگوں کو مفت ہیلتھ کارڈ دیئے ہیں، آٹا چور، چینی چور سندھ میں بیٹھے ہوئے ہیں، چینی کی ساری ملیں زرداری کی ہی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں ناکامی کی طرف جا رہے ہیں تو اپنی ملیشیا بنا رہے ہیں، یہ لوگ سندھ میں افراتفری پیدا کر رہے ہیں، ان کو اچکزئی اور مولانا مل گئے جو اداروں پر تنقید کرتے ہیں، فضل الرحمان فتنہ پیدا کر رہے ہیں، نہ فضل کہوں گا نہ انہیں رحمان کہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے جنگلات کو اپنے لوگوں کو بانٹ دیا گیا، سندھ کی سڑکیں تباہ ہیں، کراچی کو بارشوں میں تباہ حال ہوتے دیکھا، سندھ میں ٹھیکے پہلے ہی بھتہ دینے والوں کو دے دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 لوگ سندھ کابینہ کے نیب زدہ ہیں، کورونا وبا کے دوران سندھ حکومت نے راشن ٹکے کا نہیں دیا صرف بھاشن دیا، راشن کے نام پر اربوں روپے انہوں نے لئے، سندھ اسمبلی کی عمارت سے بارش کا پانی ٹپکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ بتائیں کہ سندھ کو کس کے حال پر چھوڑا ہوا ہے، سندھ میں کریمنل گورننس کا راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں نفیسہ شاہ کے والد نے جزائر بیچ دیئے تھے، اب تو جزائر کی ترقی کی بات ہو رہی ہے لیکن وہ اس کی مخالفت کر رہے ہیں، سندھ کو ایڈز لگا دی گئی، رتوڈیرو میں ایڈز پھیل گیا، رتوڈیرو کی ہسپتالوں میں سرنج نہیں تک نہیں ہے جس کے باعث 1500 بچے ایڈز کا شکار ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے این آئی سی ایچ میں اربوں کی کرپشن ہوئی، انہوں نے کورونا وبا کے دوران جان بوجھ کر کراچی میں لاک ڈائون کیا، یہ اکانومی کو نقصان پہنچانے کیلئے کیا گیا، عمران خان کی دشمنی میں پاکستان سے دشمنی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ 162 ارب روپے کا پیکیج کراچی کو دیا گیا، سندھ کیلئے 1200 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا گیا جس میں سے 62 فیصد وفاقی حکومت اور 38 فیصد صوبائی حکومت نے دینا تھا تاہم صوبائی حکومت اس میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ترقی صرف اومنی گروپ نے کی ہے، سندھ میں پبلک اکائونٹس کمیٹی ان لوگوں نے ہمیں نہیں دی، چیئرمین کمیٹی ان کا اپنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اگر استعفے دینے ہیں تو سپیکر کو جمع کرائیں، آپ استعفے بھیجیں تو سہی،ہمیں لگا وہ لوگ ابو بچائو مہم پر ہیں، پاپا ڈیڈی مولانا بچائو مہم ختم ہو چکی، مولانا صاحب کو بھی نیب نے نوٹس دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان بتائیں کہ چک شہزاد میں داماد کے نام پر فارم ہائوس کس کے پیسوں سے لیا، مولانا بتائیں ماما رئوف کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں چار نشستوں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، یہ انتخابات پاکستان تحریک انصاف جیتے گی، ان کے خلاف کرپشن کیس کورٹ میں بھی لے کر گئے ہیں، نیب کو بھی خط لکھا ہوا ہے، پولیس کی زیادتی کہیں بھی ہو، پر روز مذمت کرتے ہیں۔











