پشاور،5جنوری(اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ سروس ڈیلیوری کو مضبوط کرنا ہے جس پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے، وفاقی اداروں سے متعلق شکایات کے ازالہ میں کہیں خامیاں ہوں تو ان کو درست کیا جا سکتا ہے، کسی افسر کو اگر عوامی شکایات کے ازالے میں مشکل ہو تو گورنر ہاؤس رابطہ کر سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر آفس پشاور کو تفویض پاکستان سیٹیزن پورٹل ڈیش بورڈ کے تحت گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں پاکستان سیٹیزن پورٹل اور پرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ کے تحت صوبہ میں خدمات فراہم کرنے والے وفاقی محکموں میں عوامی شکایات کے ازالہ کے نظام کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں صوبہ میں خدمات فراہم کرنیوالے تمام وفاقی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیٹیزن پورٹل کے ذریعے وزیراعظم تک عوام کو براہ راست دسترس حاصل ہے اور وفاقی اداروں کی عوامی شکایات کے ازالہ اور خدمات کی فراہمی کی مکمل جامع رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی ادارے عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے مربوط اور موثر نظام تشکیل دیں، عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ٹھوس پالیسی پر مبنی فیصلے کئے جائیں۔
گورنر نے مزید کہا کہ وفاقی اداروں کا مقصد عوام کو میرٹ اور انصاف پر مبنی خدمات فراہم کرنا ہونا چاہیے، اسلئے افسران بغیر کسی پریشانی، دماغی بوجھ کے اپنے فرائض کی انجام دہی میرٹ پر کریں۔
گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ وفاقی اداروں کے سربراہان کی عزت نفس اور وقار بھی مجروح نہیں ہونے دوں گا، تاہم محض کردار کشی کی بنیاد پر ملنے والی شکایات کو نمٹانے سے متعلق بھی واضح میکنزم موجود ہے۔











