سکھر،05جنوری (اے پی پی ): یوم حق خوداداریت کے موقع پر کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی جارحیت کے خلاف جمعیت علماءپاکستان سکھرکے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیاگیا، جس دوران پاک فوج کے حق میں اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
مظاہرہ کی قیادت جے یو پی کے صوبائی راہنما مجاہداہلسنت مشرف محمودقادری نے کی جبکہ علامہ نعمان خان ،علامہ ساجد الرحمن، ڈاکٹر سعیداعوان، حنیف انصاری، مولانا عزیرقادری و دیگر بھی مظاہرہ میں شریک تھے۔
اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ71 سال قبل سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کے تحت دنیا بھر کے حکمرانوں نے کشمیر کی حق خوداداریت کو تسلیم کیا لیکن افسوس 71سال بیت گئے ہیں لیکن بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے، کشمیر میں کشمیری مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ تو ڑ رہا ہے جو انتہائی ظالمانہ اقدام ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم حد سے بڑھ رہے ہیں، وادی کشمیر کو بے گناہ ہزاروں کشمیری مسلمانوں کے خون سے نہلا دیا گیا ہے لیکن افسوس اقوام متحدہ سمیت مسلم ممالک کے حکمران بھی بھارتی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے ، ہم بحیثیت قوم افواج پاکستان کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، دہشت گردی کے خاتمے سمیت سرحدوں کی حفاظت کیلئے انکے ساتھ ہیں۔











