آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام تنہا نہیں، تادم مرگ اپنا تعاون جاری رکھیں گے؛ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمظفر گڑھ

72

مظفر گڑھ، 5جنوری (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام ہمارے بھائی ہیں ان کی آزادی تک ہم ہر سطح پر ان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ آج کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کا مقصد بھی یہی ہے کہ دنیا بالخصوص بھارت کو یہ باور کرانا ہے کہ آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام تنہا نہیں ہے پاکستان کا ہر جوان، خواتین، بچے اور بزرگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور تادم مرگ کشمیری عوام کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں نکالے جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈی ایس پی عظمت اللہ گورمانی، سی ای او صحت ڈاکٹر مہر محمد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد شہزاد، سول ڈیفنس آفیسر غلام یٰسین،چیئر مین سول سوسائٹی ملک خیر محمد بدھ،پروفیسر افتخار ہاشمی، ام کلثوم سیال، رانا محمد افضل بھی موجود تھے۔ ریلی اے ڈی سی فنانس کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس سے کشمیر چوک (کچہری چوک) تک نکالی گئی۔ ریلی میں سرکاری ملازمین، سول سوسائٹی کے نمائندگان، وکلا، تاجر، ایپکا کے عہدیدار، ٹیچر یونین کے نمائندگان، ریسکیو 1122 کے اہلکار، محکمہ لائیو سٹاک، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت کے ملازمین، طلباء اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

 ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے بینر، کارڈاور پرچم اٹھا رکھے تھے اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لارہے تھے۔ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کی آزادی اور ملکی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔