لاہور، 15 جنوری(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ شہروں کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے کیلئے حکومت وسائل فراہم کرے گی، متعلقہ ترقیاتی اداروں کو لاہور شہر کوخوبصورت بنانے کے اہداف دے دیئے گئے ہیں، ترقیاتی اداروں کو اہداف مقررہ مدت کے اندر حاصل کرنا ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے جمعہ کو یہاں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں لاہور شہر کی خوبصورتی بڑھانے، پارکنگ اور ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے، اسے خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنائیں گے ،شہر کی سڑکوں بالخصوص داخلی راستوں کوبہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نےشہر کی اہم چوراہوں پرٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لئے ان کی ری ماڈلنگ کی ہدایت کی اورکہا کہ اہم شاہراہوں کو اعلی معیار کی لائٹس، پھولوں اور پودوں سے خوبصورت بنایا جائے گا۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ شہر کی سڑکوں کو بہتراور خوبصورت بنانے کا پروگرام مرحلہ وار شروع کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں مال روڈ کوپائلٹ پراجیکٹ کے طور پر بہتر بنایا جائے گا، غیر ضروری پارکنگ کے اڈوں اور اشتہارات کی بھرمار نے شہر کی خوبصورتی کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے غیر ضروری پارکنگ اڈوں اور غیر ضروری اشتہارات کے سدباب کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈر پاسز کی بحالی اور انہیں دیدہ زیب بنانے کے لئے بھی پلان بنایا جائے ۔
پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ہونے والے اجلاس میں ترقیاتی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔











