صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے میکسیکو میں پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر امان رشید کی ملاقات

130

اسلام آباد،15جنوری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان میکسیکو کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانا چاہتا ہے،حکومت تمام ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار جمعہ کو میکسیکو میں پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر امان رشید سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کیا۔ صدر عارف علوی نے کہاکہ نامزد سفیر میکسیکو کے ساتھ تجارت ، سرمایہ کاری ، ثقافت ، سیاحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کوششیں کریں،پاکستان میکسیکو کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ حکومت تمام ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے ،میکسیکو کے ساتھ باہمی تجارت کے حجم میں اضافے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے مابین اعلی سطحی دورے شروع کرنے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ نامزد سفیر ملک کے مثبت تشخص کو ابھارنے اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے کام کریں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹر امان رشیدکو میکسیکو میں پاکستان کا سفیر نامزد ہونے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار اداکریں گے۔