صوبائی حکومت صوبے کے عوام کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے؛ محمود خان

90

پشاور، 15جنوری(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے ممبر صوبائی  اسمبلی  میاں شرافت علی کی قیادت میں کالام سوات کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور علاقے میں ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کے عوام کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے توانائی ، سیاحت ، صنعت ، زراعت سمیت دیگر شعبوں میں ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے اور صوبائی حکومت کے ان اقدامات کے نتیجے میں آنے والے سالوں میں صوبے کا کوئی بھی شخص محنت مزدوری کے لئے صوبے سے باہر نہیں جائیگا۔

 کالام میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مٹلتان اور گبرال کالام ہائیڈرو پاور اسٹیشنز کی تعمیر کے علاوہ کالام نیشنل پارک ، کالام ڈیویلپمنٹ اتھارٹی جیسے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ کالام میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی ملازمتوں میں مقامی افراد کو پہلی ترجیح دی جائے گی جبکہ درجہ چہارم کی آسامیوں پر سو فیصد مقامی افراد کو بھرتی کیا جائیگا۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کالام ہسپتال کی اپگریڈیشن کے علاوہ کالام میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل سکول تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوات موٹر وے فیز ٹو کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو آمد و رفت کی بہتر اور معیاری سہولیات دستیاب ہونگی۔

 وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کالام میں لینڈسٹیلمنٹ پر بھی جلد کام شروع کیا جائےگا تاکہ وہاں پر زمینوں کی ملکیت سے جڑے لوگوں کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہو سکیں گے۔