مظفرگڑھ؛منشیات سمگلرز کے خلاف بڑی کارروائی ، 95 کلو گرام چرس برآمد ، 4 ملزمان گرفتار

59

مظفرگڑہ،27 جنوری(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب لاہور انعام غنی کی منشیات کے بڑے سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایات پر مظفرگڑہ میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ڈی پی او محمد حسن اقبال کی ہدایات پر منشیات سمگلرز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 95 کلو گرام چرس برآمد کر کے 4 منشیات سمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی جتوئی ریحان الرسول کا شہر سلطان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تھانہ شہر سلطان پولیس نے ایس ایچ او ملک خرم ریاض کھر کی سربراہی میں مخبر کی اطلاع پر منشیات سمگلرز کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پل موچی والا موضع ڈمر والا شمالی سے منشیات فروش محمد باسط، محمد سلیم، نصرت اور نقیب اللہ کو گرفتار کرتے ہوئے 95 کلو گرام مختلف جگہوں سے ملزمان کی نشاندھی پر برآمد کر لی، بین الصوبائی منشیات فروشوں کے خلاف تھانہ شہر سلطان میں مختلف مقدمات کا اندراج کر کے حوالات بند کردیا گیا ہے۔

ایس ڈی پی او جتوئی کا مزید کہنا تھا کہ ڈی پی او محمد حسن اقبال کی ہدایات پر منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیلئے بڑے منشیات فروشوں کی گرفتاری میں توجہ مرکوز ہے جبکہ منشیات کے عادی افراد کا علاج و معالجہ کیلئے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے اداروں میں منتقل کروایا جائیگا جبکہ بڑے منشیات سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔