ملتان، 19دسمبر(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کے لئے سرگرم عمل ہے،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس ہوا۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک ناقص کارکردگی دکھانے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے ناخوش اور پرائس مجسٹریٹ و ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ یوسف کو ناقص کارکردگی پر سرنڈر کر دیا ۔
عامر خٹک نے کہا کہ کام نہ کرنیوالے افسران کی ضلع میں کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے ضلع ملتان سے تعلق رکھنے والے افسران کی لسٹیں تیار کرنے کی ہدایات جاری کی اور کہا کہ کوئی افسر اپنے ہوم ڈسٹرکٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لئے تیار نہیں ، آئندہ ہر آفیسر کو پرائس چیکنگ کا ٹارگٹ دیا جائے گا،ٹارگٹ کو حاصل نہ کرنیوالا آفیسر ضلع بدر ہو گا۔
عامر خٹک نے تحصیل صدر اور تحصیل شجاع آباد کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیلز پوائنٹس پر آٹا کی عدم دستیابی بارے میڈیا کی خبروں کا نوٹس بھی لیا اور کہا کہ فلور ملز سے آٹے کی مقررہ کوٹے کی سپلائی کو مانیٹر کیا جائے، سیلز پوائنٹس پر آٹے کا پورا کوٹہ فراہم نہ کرنیوالی فلور ملز کے خلاف کارروائی کی جائے۔











