ملتان ،13 جنوری(اے پی پی ): ضلع ملتان میں جرائم سے متعلق اجلاس ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس سے خطاب میں آر پی او وسیم احمد خان نے کہا کہ خود احتسابی سے اپنی کارکردگی بہتر کریں، کمیونٹی پالیسنگ کے لیے افسران دفاتر سے باہر نکلیں ۔انہوں نے کہا کہ جرائم کے سراغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی اپنائیں ،جرائم کے بدلتے طریقہ کار کو سمجھ کر اپنی حکمت عملی بدلیں اور فرسودہ طریقوں کو چھوڑ کر جدت،جیو فینسنگ سمیت دیگر سسٹم اپنائیں ۔
آر پی او نے کہا کہ سروس ڈلیوری نظام میں مزید بہتری سے عوام کا اعتماد حاصل کریں،سزا پانے والے جرائم پیشہ بارے معلومات رکھیں اور انسدادی کارروائی کریں ،سنگین جرائم کی صورت میں افسران خود موقع پر پہنچیں۔انہوں نے کہا کہ تھانے کا ریکارڈ محکمانہ سوفٹ ویئر کے مطابق اپ ڈیٹ رکھیں، ایس ڈی پی اوز کمپیوٹر پر عبور حاصل کریں۔
آر پی او نے کہا کہ جرائم کے سراغ اور انسداد کے لیے سی آئی اے کی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جبکہ سنگین جرائم کی صورت میں افسر کے موقع پر نہ پہنچنے پر کارروائی ہو گی۔انہوں نے کہا ضرر کے مقدمات میں 15 یوم میں کارروائی مکمل نہ ہونے پر متعلقہ ایس ڈی پی او ذمہ دار ہو گا جبکہ جرائم کنٹرول نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہو گی۔
اجلاس میں سی پی او میاں محبوب رشید ،ضلع بھر کے پولیس افسران بھی شریک ہوئے۔











