پشاور، 14جنوری(اے پی پی): ضلع چارسدہ میں ایم پی اے شکیل عمرزئی پر فائرنگ کرنے والے ملزمان گرفتار کرلئے گئے، جن میں ایک اشفاق عمرزئی جبکہ حامد ترنگزئی کا رہائشی ھے اور عمران پہلے ہی سے جیل میں ہے جو ان کے ساتھ رابطے میں تھا۔
ان خیالات کا اظہار ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا اور میڈیا سے چارسدہ میں گرفتار ملزمان کے بارے معلومات شئیر کیں۔
ڈی پی او چارسدہ محمد شعیب نے میڈیا کو بتایا کہ ان ملزمان سے وقوعہ میں استعمال ہونے والا پستول، ایک کلاشنکوف 2 موبائل فونز اور دو موٹرکاریں بھی برآمد ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان اشفاق اور حامد نے اعتراف جرم کرلیا ھے جبکہ واقعہ میں ملوث مزید ملزمان بھی جلد گرفتار کرلئے جائینگے۔
ڈی پی او نے کہا کہ واقعہ میں ایم پی اے کی سیکورٹی پر مامور کانسٹیبل شہنشاه شہید ہوچکا ہے، اور اس کانسٹیبل کے قتل میں ملوث ملزمان کو بھی قرار واقعی سزا دی جائیگی کیونکہ چارسدہ پولیس کو واقعہ سے متعلق اھم شواھد مل چکے ہیں۔











