سیالکوٹ،17جنوری (اے پی پی):سابق رکن قومی اسمبلی اور وزیر مملکت برائے نجکاری و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عمر احمد گھمن نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹس پارٹی نے امریکی کانگریس کی رکنیت کے لئے ورجینیا سے مجھے نامزد کر دیا ہے ۔
انہوں نے یہ اعلان اتوار کو سیالکوٹ میں اپنے آبائی علاقہ سمبڑیال کوٹلی نوناں میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ورجینیا کے 8 ویں ڈسٹرکٹ سے وہ آئندہ امریکی کانگریس کا انتخاب لڑیں گے جس کے لئے ڈیموکریٹس پارٹی نے میری نامزدگی کر دی ہے جبکہ “ مسلم فار بائیڈن 2020” کے چیئرمین کی حیثیت سے مجھے مسلم کمیونٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے آبائی حلقہ کے عوام نے جو احترام اور اعتماد مجھے دیا آج اسی کا نتیجہ ہے کہ میں کانگریس کی رکنیت کے لئے الیکشن لڑنے جا رہا ہوں اور اس انتخاب میں کامیابی کے نتیجہ میں امریکی کانگریس کی تاریخ میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گی اور میں پہلا رکن بن جائوں گا کہ دنیا کی دو مختلف پارلیمان کا رکن رہا ہو گا۔
انہوں نے اپنے حلقہ کے عوام کے ساتھ اظہار تشکر بھی کیا اور وعدہ کیا کہ وہ پاکستان کے غیور عوام کے مفاد کا ہمیشہ نگہبان رہوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان میرے پرانے دوست اور سابق رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے میں ان کا ساتھی رہ چکا ہوں۔
عمر احمد گھمن نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا بد عنوانی کے انسداد کا موقف اور نقطہ نظر بالکل درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب ہو کر ورجینیا کے 8 ویں ضلع کے عوام کے ساتھ ساتھ مسلم امریکی کمیونٹی کی خدمت میری ہر ممکن کوشش ہو گی۔
واضح رہے کہ عمر احمد گھمن 2002-2007 تک قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 112 سےرکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں اور اس دوران وہ وزیر مملکت برائے نجکاری و سرمایہ کاری اور چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ کے عہدے پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔











