ملتان،17جنوری(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر سمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات اور غیرقانونی پٹرول پمپس کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ناپ تول میں ہیرا پھیری،اوورچارجنگ اور ناقص آئل فروخت کرنیوالوں کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، آپریشن اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں محکمہ سول ڈیفنس نے کیا۔
اے سی جلالپور پیروالامدثر ممتاز کی قیادت میں مارے گئے چھاپے میں2غیرقانونی منی پٹرول پمپس سیل کردیئے گئے ہیں، پٹرول پمپ مالکان محمد وسیم اور محمد ذیشان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرادیا گیاہے، منی پٹرول پمپس کے ڈسپنسر اور پوائنٹس اکھاڑ کر قبضہ میں لے لئے گئے ہیں، دونوں منی پٹرول پمپس میں موجود 1200 لٹر پٹرول ٹینکرز میں سیل کر دیا گیا ہے۔
اے سی محمد زبیر نے تحصیل شجاع آباد میں 20 پٹرول پمپس کو چیک کیا جن میں 8 پٹرول پمپس پیمانوں میں ہیرا پھیری، اوور چارجنگ اور ناقص آئل کی فروخت میں ملوث پائے گئے ہیں،۔پٹرول پمپس مالکان پر90 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے،
آئندہ ملوٹ شدہ آئل فروخت کرنے اور اوور چارجنگ پر پٹرول پمپس سیل کرنے کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
ایف پی آر اور خفیہ اداروں کی رپورٹ کے مطابق ملک میں2094 پٹرول پمپس سمگل شدہ آئل کی فروخت میں ملوث ہیں، ملک میں سالانہ200 ارب روپے سے زائد مالیت کی پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ کا کاروبار کیا جاتا ہے۔











