کیٹل کالونی سکھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری

96

سکھر،13جنوری(اے پی پی ):انتظامیہ کا کیٹل کالونی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ، غیرقانونی تعمیرات ، باڑ ے ، مکانات مسمار ، باڑے مالکان اور رہائشیوں کی عملے کیساتھ تلخ کلامی ، آپریشن عدالتی احکامات پر کیا جا رہا ہے، قابضین سے کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی ۔

 آپریشن انتظامیہ کی جانب سے عملے کی بھاری نفری  اور  ہیوی میشنری کے ہمراہ  نیو بس ٹرمینل کے پاس قائم کیٹل کالونی میں  کیا  گیا ، جس دوران   فلاحی پلاٹوں پر قبضہ کر کے بنائے جانے والے غیر قانونی باڑوں ، دکانوں اور گھروں کو مسمار کر دیا اور دیگر قابضین کو فوراً جگہ خالی کرنے کی ہدایات  کی گئی ۔

آپریشن کے حوالے سے انتظامیہ کے افسران کا کہنا تھا کہ آپریشن عدالتی احکامات پر کیا جا رہا ہے، کسی کو بھی غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ آپریشن تین مراحل میں ہو رہا ہے، قابضین سے قبضے ختم کرا کے شہر میں موجود باڑے مالکان کے حوالے کئے جائینگے تاکہ شہر سے باڑے ختم کئے جا سکے۔ آپریشن کے دوران باڑے مالکان اور انتظامیہ کے افسران کے درمیان تلخ کلامی کے بھی واقعات پیش آئے تاہم پولیس کی نفری موجود ہونے کی وجہ سے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آسکا۔