بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ کا میلہ پوری سج دھج کے ساتھ  ساتویں روز بھی جاری

68

ملتان،17فروری(اے پی پی):بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ کا میلہ پوری سج دھج کے ساتھ آج ساتویں روز بھی جاری رہے گا، اسکواش کے کھیل کے دلدادہ پاکستانی شائقین نامور عالمی کھلاڑیوں کے ایکشن سے محظوظ ہورہے ہیں، اسکواش کے عالمی کھلاڑی بھی خوبصورت اور پُرامن ماحول سے مسحور ہو رہے ہیں،اسکواش کے فائنل میچ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی آمد متوقع ہے۔

 ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر ایم ڈبلیو ایم سی روٹس پر صفائی کے بہترین انتظامات برقرار رکھنے کے لئے سرگرم عمل ہیں، بیرون ملک سے آئے ہوئے مہمانوں کی آمد کے پیش نظر دمدمہ پر تمام انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں، ایم ڈبلیو ایم سے کے ورکرز نے24 گھنٹے مسلسل صفائی کے بعد دمدمہ کارپوریشن کے حوالے کردیا ہے، میٹروپولیٹن کارپوریشن نے دمدمہ کی تزئین و آرائش کرکے اسے جاذبِ نظر بنا دیا  ہے، پی ایچ اے کی طرف سے دمدمہ جانے والے راستے خوش رنگ پھولوں سے سجا دئے گئے ہیں۔

 محکمہ سمال انڈسٹریز،صنعت زار،اوقاف اور محکمہ آثار قدیمہ نے بھی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ کے چئیرمین پرنس آغا عمر احمدزئی بھی ملتانیوں کی محبت سے متاثر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگ بہت ملنسار اور گفتگو میں آم جیسی شیرینی رکھتے ہیں اور کہا کہ انٹر نیشنل اسکواش لیگ سے اس خطے میں کھیل کو فروغ ملے گا، پاکستان کو اسکواش میں کھویا ہوا مقام واپس دلانا ہمارا ٹارگٹ ہے۔

 پرنس آغا عمر احمد زئی نے کہا اس لیگ سے ہم نے دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور  ہمارا پیغام محبت ہے۔  انہوں نے کہا کہ بہترین انتظامات پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔