عوام کرونا ویکسین کے حوالے سے پھیلی غلط افواہوں سے بچیں: فوکل پرسن برائے کرونا ویکسینیشن ایل آر ایچ ڈاکٹر زبیر بھٹی

195

پشاور، 3فروری(اے پی پی): لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے فوکل پرسن برائے کرونا ویکسینیشن، ڈاکٹر زبیر بھٹی نے کہا ہے کہ ویکسین کے بارے پھیلی غلط افواہوں سے بچیں اور ویکسین لگاکر صحت کا تحفظ یقینی بنائیں۔کرونا کے خلاف ویکسینیشن آج پشاور میں ایل آر ایچ میں باقاعدہ طور پر شروع ہوچکی ہے اور اس سلسلے میں آج ہسپتال کے طبی عملے کو ویکسین پہلے مرحلے میں لگائی گئی۔

بدھ کو یہاں کرونا ویکسینیشن کے بارے میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر زبیر نے کہا کہ یہ ایک خوشخبری ہے کہ اب کے پی کے بلکہ پاکستان  میں ایک بڑی کرونا جیسی مہلک بیماری کی ویکسین دستیاب ہوگئی ہے۔ ایل آر ایچ اور دیگر ہسپتالوں کو ویکسین کی فراہمی کیلئے ایک گورنمنٹ پالیسی جسکے مطابق ایک ٹیچنگ ہسپتال میں روزانہ 50 ویلز 50/50 ویکسین فراہم کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کلیدی صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں یا فرنٹ لائن ورکرز کو روزانہ 50 افراد کے حساب سے ویکسین دی جائیگی۔ اسکے لئے  بہتر اسٹراٹجی یا مخصوص طریقہ ایک ایپ ہے جو نادرا سے کنیکٹ ہے ،یہ ایپ کوڈ جنریٹ کرکے مریض کو ایس ایم ایس ٹیکسٹ بھیجے گا اور آپ کو ویکسین لگے گی۔انہوں نے کہا کہ ابھی پہلے مرحلے میں فرنٹ لائنرز کو ویکسین دی جارہی ہے، مرحلہ دوم میں 60 سالہ لوگ یا بیمار اور تیسرے مرحلے میں عوامی سطح پر ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ چائنہ کی سینو فارم ویکسین ہے جو دیگر ممالک میں بھی استعمال کی جارہی ہے ، جسکا کوئی ضمنی اثر نہیں، تاہم ویکسینیشن کے لگانے کے بعد 30 منٹ کی فرد کی کلیدی نگرانی کی جاتی ہے کہ یہ مریض کو کوئی ری ایکشن نہ کرے، جو کسی بھی انجکشن کے لگانے کے بعد ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹر زبیر نے کہا کہ آج ہسپتال کے جس عملے نے ویکسین لگائی تھی وہ طبی عملہ  آدھا گھنٹہ بعد واپس اپنی ڈیوٹی پر پہنچ گیا اور کوئی ایسی ویسی بات رپورٹ نہیں ہوئی۔