سول ڈیفنس رضاکاروں کو ایک منظم فورس میں بدلنے کی ضرورت ہے،عامر خٹک

97

ملتان۔3مارچ  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو حکومت کی طرف سے ملنے والے ہر ٹاسک کی کامیابی میں سول ڈیفنس کے رضا کاروں کا بھی کردار ہوتا ہے،مگران کو وہ معاوضہ نہیں ملتا جس کے وہ حق دار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز انٹرنیشنل سول ڈیفنس ڈے کے موقع پر محکمہ سول ڈیفنس کے زیر اہتمام “مضبوط شہری دفاع، مضبوط معیشت کی ضمانت” کے موضع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیمینار میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس وقاص خان خاکوانی،بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے شعبہ اسلامیات کے چئیرمین پروفیسر عبدالقدوس صہیب ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس ملتان ریجن رانا طارق وحید، سول ڈیفنس آفیسر فاطمہ خان ،سول ڈیفنس کے چیف انسٹرکٹرفہیم امداد، قاری عاشق حسین اور عبدالقدیر نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس کے رضا کار میرے دل کے بہت قریب ہیں۔ضلعی انتظامیہ کو حکومت کی طرف سے ملنے والے ہر ٹاسک کی کامیابی میں سول ڈیفنس کے رضا کاروں کا بھی کردار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وباءکے آغاز میں ملتان میں دنیا کا سب سے بڑا کورنٹائن سنٹر قائم کیا گیا تھا،عالمی وباءکی وجہ سے پوری دنیا میں خوف پھیلا ہوا تھا ۔لیکن سول ڈیفنس کے رضا کاروں نے بلا خوف وخطر کورنٹائن سنٹر آنیوالے مہمانوں کی خدمت کی، عامر خٹک نے کہا کہ سو ل ڈیفنس کی کارکردگی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔محرم،عید میلادالنبی کے ایام ہوں یا کوئی ریلی، سول ڈیفنس کے رضا کار ڈیوٹی کے لئے تیار رہتے ہیں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میں تسلیم کرتا ہوں کہ سول ڈیفنس کے رضا کاروں کو وہ معاوضہ نہیں ملتا ۔جس کے وہ حقدار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورنٹائن سنٹر میں سول ڈیفنس اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکرز کی خدمات کی تعریف کی ہے۔کورنٹائن سنٹرز میں کام کرنیوالے رضا کاروں اور سینٹری ورکرز کے نام قومی ایوارڈ کے لئے حکومت کو بھجوائے جائیں گے۔عامر خٹک نے کہا کہ سول ڈیفنس رضاکاروں کو ایک منظم فورس میں بدلنے کی ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے سول ڈیفنس کے افسران اور رضا کاروں میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔