اسپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی وفد کے ہمراہ افغانستان روانہ،دورہ کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کے فقدان کو ختم کرنا، تجارت کو بڑھانا ہے

13

 اسلام  اۤباد ،08 اپریل (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ افغانستان روانہ ہو گئے ہیں۔وفد میں نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان اور رکن پارلیمان غلام مصطفے شاہ، ساجد خان، رانا تنویر،گل داد خان، شیخ یعقوب اور شاندانہ گلزار  شامل ہیں۔

 وفد افغان صدر اشرف غنی، وزیرخارجہ حنیف اتمر کے علاوہ افغان پارلیمنٹ کے سپیکر سے ملاقاتیں کرے گا، پارلیمانی وفد کے دورہ کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کے فقدان کو ختم کرنا ہے۔

دورہ میں  برآمدات کو افغانستان اور افغانستان کے راستے وسطی ایشیائی ممالک کو تجارت کی راہ میں رکاوٹوں کا معاملہ اٹھایا جائے گا اور  ملاقاتوں میں افغانستان کے ساتھ پاکستانی برآمدات و تجارت بڑھانے پر بات ہوگی جبکہ افغانستان سے پاکستان میں سرمایہ کی نقل و حمل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

ملاقاتوں میں افغان سرمایہ کاروں کو پاکستان خاص طور پر رشکئی اکنامک زون میں سرمایہ کاری کی دعوت، افغانستان کو پاکستان میں ہیلتھ ٹورازم کے فروغ پر بھی دعوت دی جائے گی جبکہ پاک افغان سرحد پر بسنے والی آبادی کیلیئے معاشی موقع پیداکرنے پر بات ہو گی۔

وفد کے گرمجوش استقبال کے لیے افغان حکومت نے تیاریاں شروع کر دیں ہیں، کابل کی شاہراہوں کو پاکستان اور افغانستان کے پرچموں سے سجا دیا گیا ہےجبکہ سڑکوں پر پاکستان اور افغانستان کے اراکین پارلیمان کی تصویریں آویزاں کر دی گئیں اور کابل کے اہم مقامات پر خیر مقدمی بینرز بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں۔