حکومت معاشی اور اقتصادی ترقی  کیلئے  تارکین وطن کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے  پرعزم ہے؛ سفیر   ڈاکٹر اسد مجید خان کی “پاک لانچ ” سے گفتگو

36

واشنگٹن ڈی سی ،11 اپریل (اے پی پی ): امریکہ میں  پاکستا ن کے  سفیر   ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے  کہ  پاکستان کی ملکی اور خارجہ پالیسی کی تشکیل میں ہماری توجہ معاشی تعلق اور ترقی پر مرکوز ہے، حکومت معاشی اور اقتصادی ترقی  کیلئے  تارکین وطن پاکستانیوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں  نے   پاکستانی تارکین وطن کی آن لائن کمیونٹی “پاک لانچ ” سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سفیر پاکستان نے  پاک امریکہ تعلقات میں معاشی اور تکنیکی مواقع پر تفصیلی گفتگو کی   اور سائنس اور ٹیکنالوجی (ایس اینڈ ٹی) کے شعبے کی بہتری کیلیےاٹھائے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ ان اقدامات میں پاکستان کے دفتر خارجہ میں سائنس اور ڈپلومیسی ڈویژن کا قیام سمیت تارکین وطن ریسرچ اینڈ انوویشن نیٹ ورک کا آغاز شامل ہے ۔انہوں  نے کہا کہ ان اقدامات سے تحقیق اوررابطے پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کے لئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے) کا آغاز ، راسٹ پیمنٹ سسٹم اور ویزا نظام کو آزاد بنانے سمیت مختلف اقدامات کے بارے میں شرکاء کوآگاہ کیا۔

سفیر پاکستان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع ، پاکستان سے امریکہ میں آئی ٹی خدمات کے آؤٹ سورسنگ اور پاکستان واپس جانے کے خواہشمند تارکین وطن کی مراعات سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔