شاہ سلمان كے فلاحی امدادی ادارے كی طرف سے پاکستان كے 20,700 مستحق گھرانوں میں  رمضان پیكج كی تقسیم

51

اسلام آباد،05 اپریل(اے پی پی):شاہ سلمان كے فلاحی امدادی ادارے  کے۔ ایس ریلیف كی طرف سے 20700 فوڈ پیكیج كی تقسیم شروع كی جارہی ہے جس سے ماہ رمضان میں صوبہ بلوچستان كے تقریباً 1 لاكھ 24 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے، اس فوڈ پیكج میں تمام تر ضروری اشیاء خردونوش شامل ہیں ۔

اس سلسلے میں آج اسلام آباد میں ایک سادہ مگر پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر براۓ دفاعی پیداوار ذبیدہ جلال تھیں جبکہ سعودی سفیر نواف المالکی اور پاکستان میں کے۔ ایس ریلیف کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے بلوچستان کے دس اضلاع کیلئے امداد اس بات کی عکاسی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہت مضبوط ہیں، ماہ رمضان اور حالیہ کورونا وباء کے دوران غرباء کی مدد کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امدادی سامان بھیجنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر  سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات ہر طرح کے حالات میں مضبوط رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امداد دو طرفہ مضبوط تعلقات کی علامت ہے اور یہ تعلقات ہمیشہ مضبوطی سے آگے بڑھتے رہیں گے۔

ڈاکٹر خالد نے اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ ہر فوڈ پیکٹ 41 كلوگرام پر مشتمل ہے جس میں 20 كلو فائن آٹا ،5كلو چاول ، 5لیٹر كوكنگ آئل ،2 كلو بیسن ،2كلو كھجور ،5كلو چینی اور 1 كلو چائے اور جام شیریں  شامل ہیں ۔ جس كا مجموعی وزن آٹھ سو پچاس ٹن بنتا ہے اور مالیت1 ملین ڈالر (تقریباً 15 كروڑ 56 لاكھ روپے) ہے۔

بعد ازاں سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ سعودی سفیر نے کہاکہ کورونا وباء کے دوران پاکستانیوں سمیت  سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی افراد کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کیلئے سعودی حکومت اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ انکا مذید کہنا تھا کہ پاک سعودی عرب تعلقات صرف دو حکومتوں نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط رشتے سے منسلک ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ سعودی  امداد جو NDMA  ، مقامی حكومت اور مقامی این جی او (SDO) كے تعاون سے صوبہ بلوچستان كے 10 اضلاع ( دكی، چاغی ،واشك،پنجگور،نصیر آباد، خاران، صحبت پور، سبی ، لورالائی) میں شفاف طریقے سے تقسیم كی جائے گی۔