وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی تین روزہ سرکاری دورے پر   تہران پہنچ گئے

19

 

تہران،20اپریل(اے ی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کو ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔ امام خمینی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچنے پر ایرانی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل و ایرانی وزیر خارجہ کے مشیر سید رسول موسوی، ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی اور تہران میں واقع پاکستانی سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ اپنے تین روزہ دورہ ء ایران کے دوران، ایران کے صدر حسن روحانی، وزیر خارجہ جواد ظریف سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے،ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعاون، پاکستان اور ایران کے مابین اقتصادی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان اور ایران کے سرحدی علاقوں میں “بارڈر مارکیٹس” کے قیام کے حوالے سے بھی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔مارکیٹ پوائنٹ کھلنے سے دونوں ممالک کے سرحدی علاقے میں بسنے والے مکینوں کو کاروبار کی سہولیات میسر آئیں گی اور پاکستان اور ایران کے مابین دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔

وزیر خارجہ کے دورہ ء ایران کے دوران، پاکستان اور ایران کے بارڈر پوائنٹ(مند-پشین) کو کھولا جائے گا،مند – پشین بارڈر گذشتہ چار ماہ میں کھلنے والا دوسرا بارڈر پوائنٹ ہو گا.وزیر خارجہ، ایرانی قیادت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔